دمشق میں میکرون کی رہائش گاہ کے قریب دھماکے
دمشق۔ 7 جولائی (ایجنسیز) شام کے دارالحکومت دمشق میں منگل کے روز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی رہائش گاہ کے قریب دو دھماکے ہوئے۔ ایک سکیورٹی ذریعے کے مطابق یہ دھماکے بارودی مواد سے کیے گئے اور یہ میکرون کے شام کے غیر معمولی سرکاری دورے کے دوسرے روز پیش آئے۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق دونوں دھماکے

دمشق۔ 7 جولائی (ایجنسیز) شام کے دارالحکومت دمشق میں منگل کے روز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی رہائش گاہ کے قریب دو دھماکے ہوئے۔ ایک سکیورٹی ذریعے کے مطابق یہ دھماکے بارودی مواد سے کیے گئے اور یہ میکرون کے شام کے غیر معمولی سرکاری دورے کے دوسرے روز پیش آئے۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق دونوں دھماکے اس ہوٹل کے قریب ہوئے جہاں فرانسیسی صدر قیام پذیر تھے۔ میکرون کا قافلہ دھماکوں سے کچھ ہی دیر پہلے شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات کیلئے صدارتی محل روانہ ہو چکا تھا۔بعد ازاں ایک شامی سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ ایک دھماکا کوڑے دان میں نصب بارودی مواد جبکہ دوسرا ایک گاڑی میں رکھے گئے دھماکا خیز مواد کے باعث ہوا۔ شامی وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ دونوں دھماکے فرانسیسی صدر کی رہائش گاہ کیلئے قائم سکیورٹی حصار سے باہر ہوئے، اس لیے میکرون یا ان کے وفد کو کوئی براہِ راست خطرہ لاحق نہیں ہوا۔وزارت داخلہ کے مطابق دھماکوں میں 18 افراد زخمی ہوئے، جن میں 4 پولیس اہلکاربھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب فرانسیسی ایوانِ صدر نے میکرون کی خیریت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دمشق میں دھماکوں کے باوجود ان کا دورہ معمول کے مطابق جاری رہے گا۔فرانسیسی صدر منگل کو شامی صدر احمد الشرع سے باضابطہ مذاکرات کر رہے ہیں۔ یہ دسمبر 2024 میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد کسی بڑے مغربی ملک کے سربراہ کا شام کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ العربیہ کی نمائندہ کے مطابق اب تک میکرون کے دورے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے دورے کے دوسرے روز کا آغاز سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات سے کیا، جس کے بعد وہ شامی صدر احمد الشرع سے مذاکرات کیلئے صدارتی محل روانہ ہوئے۔ ان ملاقاتوں کے بعد شام کی تعمیرِ نو اور اسٹریٹجک راہداریوں پر ایک اقتصادی فورم بھی منعقد ہوگا۔دورے کے ایجنڈے میں شام کی تعمیرِ نو فرانسیسی سرمایہ کاری اور دمشق و یورپی یونین کے مستقبل کے تعلقات سرفہرست ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب شام، جنگ کے دوران عائد یورپی اور امریکی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد غیر ملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رہا ہے۔صدر میکرون کے ہمراہ فرانس کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان پر مشتمل ایک وفد بھی موجود ہے، جس میں سی ایم اے،سی جی ایم (CMA CGM) اور ٹوٹل انرجیز (TotalEnergies)شامل ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان متعدد اقتصادی معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔