سعودی عرب کا ہندوستان سمیت7 ممالک کے شہریوں کیلئے سیاحتی پیکجز ویزا کا اجرا
ریاض ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) سعودی عرب نے ویڑن 2030 کے آغاز سے ہی مملکت آنے والے سیاحوں کے سفر کو آسان اور بہتر بنانے کیلئے متعدد نئی سہولتیں متعارف کرائی ہیں، تاکہ وہ ملک کے سیاحتی، ثقافتی اور قدرتی مقامات سے بہتر انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔ان سہولتوں میں الیکٹرانک سیاحتی ویزا، آمد پر ویزا اور ٹر

ریاض ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) سعودی عرب نے ویڑن 2030 کے آغاز سے ہی مملکت آنے والے سیاحوں کے سفر کو آسان اور بہتر بنانے کیلئے متعدد نئی سہولتیں متعارف کرائی ہیں، تاکہ وہ ملک کے سیاحتی، ثقافتی اور قدرتی مقامات سے بہتر انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔ان سہولتوں میں الیکٹرانک سیاحتی ویزا، آمد پر ویزا اور ٹرانزٹ ویزاشامل ہیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے سعودی وزارتِ سیاحت نے ایک نئی آزمائشی سروس سیاحتی پیکج ویزا متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد سیاحوں کے سفر کے تجربے کو مزید بہتر بنانا اور پہلے سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔اس وقت سیاحتی پیکج ویزاکی سہولت سات ممالک کے شہریوں کیلئے دستیاب ہے، جن میں پاکستان، میکسیکو، انڈونیشیا، مصر، بھارت، بنگلہ دیش اور اردن شامل ہیں۔یہ ویزا سیاحتی پیکج خریدنے کے بعد الیکٹرانک طور پر جاری کیا جائے گا اور پیکج کی خریداری مکمل ہونے کے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔سعودی وزارتِ سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل میں اس سہولت سے مستفید ہونے والے ممالک کی فہرست میں مزید توسیع کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو مملکت میں سیاحت کے متنوع تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکے۔سیاحتی پیکج ویزا کی مجموعی فیس تقریباً 402اعشاریہ21 سعودی ریال ہے، جس میں ویزا کے اجرا کی فیس اور انشورنس پالیسی کی فیس دونوں شامل ہیں۔یہ ویزا سیاحتی پیکج کی خریداری مکمل ہوتے ہی فوری طور پر الیکٹرانک انداز میں جاری کر دیا جاتا ہے، اس کیلئے نہ تو سفارت خانے جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی الگ سے ویزا درخواست جمع کرانا پڑتی ہے۔اس سیاحتی پیکج میں ہوائی ٹکٹ، لائسنس یافتہ سیاحتی رہائش گاہ میں قیام اور الیکٹرانک ویزاایک ہی مربوط بکنگ کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں، تاکہ سیاح کا سفر زیادہ آسان اور سہل بنایا جا سکے۔سعودی وزارتِ سیاحت کی ویب سائٹ کے مطابق سیاحتی پیکج ویزا جاری ہونے کے بعد اسے منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر سیاحتی پیکج منسوخ کیا جائے تو ویزا بھی خودکار طور پر منسوخ ہو جائے گا۔اس ویزا کی مدتِ کار تین ماہ ہے، جو سفر کی مقررہ تاریخ سے شروع ہوتی ہے، یہ مملکت میں صرف ایک مرتبہ داخلے (سنگل انٹری) کیلئے کارآمد ہوگا۔