عراق اپنی سرزمین کو سعودی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا
ریاض، 13 جولائی (ایجنسیز) عراقی وزیر خارجہ فؤاد حسین نے کہا ہے کہ عراق اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو سعودی عرب، خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک یا خطے کے کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی یا حملے کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار ریاض م

ریاض، 13 جولائی (ایجنسیز) عراقی وزیر خارجہ فؤاد حسین نے کہا ہے کہ عراق اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو سعودی عرب، خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک یا خطے کے کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی یا حملے کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار ریاض میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے دوران کیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریزکیا جائے اور کسی بھی ملک کی سرزمین کو دوسرے ممالک کے امن، سلامتی اور استحکام کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے عراق میں امن و استحکام کو فروغ دینے، قومی اداروں کو مضبوط بنانے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو امریکہ کی جانب سے آپریشن ایپک فیوری شروع کیے جانے کے بعد، جس میں ایران کے کئی اعلیٰ فوجی عہدیدار شہید ہوئے اور ایران کی فوجی و فضائی دفاعی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا، عراق میں سرگرم ایران نواز مسلح گروہوں نے مبینہ طور پر سعودی عرب، کویت، اردن اور شام کے خلاف ڈرون حملے کیے تھے۔ ان واقعات کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے تناظر میں عراق نے اپنے مؤقف کو مزید واضح کیا ہے۔دوسری جانب عراقی حکومت داخلی سطح پر بھی اہم اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم علی الزیدی کی قیادت میں حال ہی میں ملک گیر انسدادِ بدعنوانی مہم کا آغاز کیا گیا، جس کے دوران کم ازکم47 سرکاری عہدیداروں کو گرفتارکیاگیا جبکہ 12کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے اثاثے اور رقوم ضبط کی گئیں۔