راہول گاندھی واقعہ پر نظام آباد میں بڑے پیمانے پر دھرنا
نظام آباد۔ 22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی کے زیراہتمام منگل کی شب نظام آباد شہر کے مصروف ترین سڑک این ٹی آر چوراہے پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی کارکنوں نے وزیر اعظم نریندر

نظام آباد۔ 22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی کے زیراہتمام منگل کی شب نظام آباد شہر کے مصروف ترین سڑک این ٹی آر چوراہے پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی کارکنوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذرِ آتش کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پلی ناگیش ریڈی کی قیادت میں ٹاؤن کانگریس صدر راما کرشنا، ٹاڈی ٹاپر کارپوریشن کے چیئرمین چندر شیکھر گوڑ، سینئر کانگریسی قائدین محمد جاوید اکرم، سید نجیب علی، ایم اے فہیم، سابق ڈپٹی میئر اشفاق احمد خان( پاپا)، عبود بن حمدان کانگریس کارپوریٹر، عبید بن حمدان، معین یونس نظام آباد ٹائون پریسیڈنٹ یوتھ کانگریس، مجاہد خان، محمد اسد،شیخ رحیم چھوٹو، سمیت سینکڑوں کانگریس کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ جمہوری اداروں کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ضلع کانگریس صدر ناگیش ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راہول گاندھی ملک بھر میں طلبہ، نوجوانوں، بے روزگاری، مہنگائی اور عوامی مسائل پر مسلسل آواز بلند کر رہے ہیں، جس کی پاداش میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کے بجائے اپوزیشن قائدین کو ہراساں کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے مرکزی وزیر دھرمندر پردھان سے فوری استعفے کا بھی مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت نے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند نہ کیں تو کانگریس ملک گیر سطح پر اپنے احتجاج کو مزید شدت دے گی۔احتجاج کے اختتام پر کارکنوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے راہول گاندھی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔