گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد میں نشہ مکت ابھیان کا انعقاد
نظام آباد۔ 22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات حکومت ہند کے تحت سنٹرل بیورو آف کمیونیکیشن (CBC)، نظام آباد کے زیر اہتمام گری راج گورنمنٹ ڈگری کالج، نظام آباد میں ”نشہ مکت بھارت ابھیان” کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ میں منشیات کے مضر

نظام آباد۔ 22 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات حکومت ہند کے تحت سنٹرل بیورو آف کمیونیکیشن (CBC)، نظام آباد کے زیر اہتمام گری راج گورنمنٹ ڈگری کالج، نظام آباد میں ”نشہ مکت بھارت ابھیان” کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ میں منشیات کے مضر اثرات سے آگاہی پیدا کرنا، نوجوانوں کو نشے سے دور رہنے کی ترغیب دینا اور ایک صحت مند و منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے شعور بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر ایگل فورس، نظام آباد کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم۔ سومناتھم نے بطور مہمانِ خصوصی طلبہ پر زور دیا کہ وہ منشیات سے مکمل طور پر دور رہیں، اچھی صحبت اختیار کریں اور اپنی تمام تر توجہ تعلیم، ہنر مندی اور روشن مستقبل کی تعمیر پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ تلنگانہ عوامی بیداری اور مؤثر قانون نافذ کرنے والے اقدامات کے ذریعے ”ڈرگ فری تلنگانہ” کی تشکیل کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ پرنسپل پروفیسر پی۔ رام موہن ریڈی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ منشیات کے خلاف مہم کے سفیر بنیں، دوستوں کے دباؤ کا شکار نہ ہوں اور اپنے خاندانوں اور معاشرے میں بھی اس حوالے سے بیداری پیدا کریں۔ انہوں نے طلبہ سے منشیات سے پاک زندگی گزارنے کا عہد لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کالج انتظامیہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔سی بی سی نظام آباد کے فیلڈ پبلسٹی آفیسر شیوا چرن ریڈی نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات، اس سے متعلق قانونی نتائج اور ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر میں نوجوانوں کے کردار سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے ’’منشیات کو نہیں، زندگی کو ہاں‘‘کے پیغام کو اپنانے اور نشہ مکت بھارت ابھیان میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ایگل فورس کے سب انسپکٹر سندیپ نے منشیات کے استعمال کے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی رقم اکثر مجرمانہ اور دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال ہوتی ہے۔