دیانت داری ، فرض شناسی اور عوام دوست رویہ اختیار کریں
امن و امان کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے، کمشنر پولیس نظام آباد پی سائی چیتنیا کی ہدایت نظام آباد۔ 29 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے III ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ دیانت داری، فرض شناسی اور عوام دوست رویے کے س

امن و امان کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے، کمشنر پولیس نظام آباد پی سائی چیتنیا کی ہدایت نظام آباد۔ 29 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے III ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ دیانت داری، فرض شناسی اور عوام دوست رویے کے ساتھ خدمات انجام دیں تاکہ محکمہ پولیس کی ساکھ مزید مستحکم ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی ہر شکایت پر فوری کارروائی کی جائے، امن و امان کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف رجسٹروں، فائلوں اور زیرِ تفتیش مقدمات کا جائزہ لیتے ہوئے ہر کیس کی معیاری اور جدید تقاضوں کے مطابق تحقیقات کرنے، زیرِ تفتیش مقدمات کی جلد یکسوئی کے لیے خصوصی ایکشن پلان تیار کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ہدایت دی۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے کہا کہIII ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حدود میں سائبر جرائم کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، لہٰذا اسکولوں، کالجوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام خصوصاً نوجوانوں میں سائبر جرائم، آن لائن دھوکہ دہی، بیٹنگ اور گیمنگ ایپس کے نقصانات سے متعلق وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آسان طریقے سے دولت کمانے کی خواہش میں نوجوان آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ ایپس کے ذریعے سائبر ٹھگوں کا شکار ہو کر مالی نقصان اٹھا رہے ہیں اور بعض اوقات قرضوں کے بوجھ سے انتہائی قدم بھی اٹھا لیتے ہیں، اس لیے عوام کو اس خطرے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ پولیس افسران اپنی حدود کی تمام کالونیوں میں عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں، مقامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کریں اور حاصل ہونے والی ہر اہم اطلاع بروقت اعلیٰ حکام تک پہنچائیں۔ چونکہ یہ پولیس اسٹیشن شہر نظام آباد کے اہم علاقے میں واقع ہے، اس لیے دیگر علاقوں سے آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھنے، نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور اطراف کے پولیس عملے کے ساتھ بہتر تال میل قائم رکھنے کی بھی ہدایت دی۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے شہر میں ٹریفک مسائل کے تدارک کے لیے اہم چوراہوں پر مؤثر ٹریفک انفورسمنٹ نافذ کرنے، سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے عوامی بیداری مہم چلانے اور منشیات کے خاتمے کے لیے نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر نظام آباد اے سی پی پرکاش یادو، ٹاؤن سرکل انسپکٹر سرینواس راج، 3 ٹاؤن کے سب انسپکٹر اے ہری بابو، سب انسپکٹر نارائن اور دیگر پولیس افسران و اہلکار موجود تھے۔