گورنمنٹ ٹیچرس کیلئے ہر سال بیرونی ممالک کے اسٹڈی ٹورس کا اعلان
حیدرآباد ۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ سرکاری اسکولوں کے ٹیچرس کے لئے ہر سال فارن اسٹڈی ٹور کا اہتمام کیا جائے گا۔ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی طرح ٹیچرس کے لئے بھی بیرونی مطالعاتی دورہ کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ اپنی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ کرسکیں۔ چ

حیدرآباد ۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ سرکاری اسکولوں کے ٹیچرس کے لئے ہر سال فارن اسٹڈی ٹور کا اہتمام کیا جائے گا۔ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی طرح ٹیچرس کے لئے بھی بیرونی مطالعاتی دورہ کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ اپنی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ کرسکیں۔ چیف منسٹر آج ڈاکٹر چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں فن لینڈ اور جرمنی کے مطالعاتی دورہ سے واپس ہونے والے ٹیچرس سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے ٹیچرس کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ سرکاری خرچ پر بیرونی ممالک میں معیاری تعلیم کے حصول کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ وہ سیاسی فائدہ یا ووٹ حاصل کرنے کیلئے یہ اعلان نہیں کر رہے ہیں بلکہ غریبوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے ۔ ہم تمام کو عہد کرنا چاہئے کہ سرکاری سطح پر غریب طلبہ کو بہتر اور معیاری تعلیم فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈسمبر تک ایکشن پلان تیار کریں جو آئندہ تعلیمی سال کے لئے ہو۔ ایکشن پلان کے تحت ہر منڈل کو ایک کلسٹر کے طور پر شمار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندگی سماجی رتبہ کے اعتبار سے نہیں بلکہ تعلیم سے محرومی کے سبب ہوتی ہے ۔ حکومت کا بنیادی مقصد ریاست کی آمدنی میں اضافہ کرنا اور غریبوں میں فوائد کی تقسیم ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت ہر طالب علم پر 1.08 لاکھ روپئے خرچ کر رہی ہے ۔ خانگی اسکولوں کو جانے والے طلبہ پر والدین 50 ہزار روپئے خرچ کرتے ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیم کی فراہمی کے نتیجہ میں والدین بچوں کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ کو ترجیح دے رہے ہیں اور جاریہ سال ایک لاکھ اضافی طلبہ کا داخلہ ایک عظیم کارنامہ ہے ۔ اپوزیشن کی جانب سے وزارت تعلیم کا قلمدان چھوڑنے کے مطالبہ پر تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ وہ تعلیم کا قلمدان آخر کیوں ترک کردیں؟ نرسری تا 12 ویں جماعت تک ناشتہ کی سربراہی ، اساتذہ کے تقررات اور ترقی، آئی ٹی آئی اداروں کو اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹرس میں تبدیلی اور اسکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے کیا مجھے تعلیم کا قلمدان چھوڑ دینا چاہئے۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ عوامی حکومت 2034 تک برسر اقتدار رہے گی اور وہ جب تک چیف منسٹر برقرار رہیں گے۔ ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ ادا کر رہی ہے ۔ حکومت کا نظریہ ٹیچرس کے تجربات کو طلبہ تک پہنچانا ہے اسی لئے سرکاری اسکولوں میں اصلاحات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے ٹیچرس کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کی اہمیت کے بارے میں طلبہ میں شعور بیدار کریں اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے ان سے تجاویز حاصل کریں۔ چیف منسٹر نے ٹیچرس کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ٹیچرس کی تنظیموں کو صرف اپنے لئے نہیں بلکہ طلبہ کے لئے بھی جدوجہد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام کو آئندہ پانچ برسوں تک نئی نسل کے تابناک مستقبل کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ معیاری تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اگر انگلش ہی سب کچھ ہے تو پھر چین دنیا پر برتری حاصل نہ کرتا۔ 25 برسوں تک ہم امریکہ کی طرف دیکھتے رہے لیکن اب جرمنی ، جاپان اور سنگاپور جیسے ممالک کی طرف دیکھ رہے ہیں جہاں وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بارھویں جماعت کامیاب کرنے والے طلبہ کو دنیا کے بارے میں وسیع تر معلومات ہونی چاہئے ۔ حکومت نے اسکولس اور جونیئر کالجس میں ناشتہ اور لنچ کی فراہمی کا اہتمام کیا ہے جس میں ٹیچرس بھی شامل ہیں ۔ ملک پر قرض کے بوجھ میں اضافہ کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ آزادی کے بعد سے 2014 تک ملک کا مجموعی قرض 50 لاکھ کروڑ تھا۔ 2014 سے 2026 تک مودی حکومت نے 151 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے جس کے نتیجہ میں ملک کا مجموعی قرض 201 لاکھ کروڑ ہوچکا ہے۔ تعلیم اور آبپاشی کے شعبہ میں پنڈت جواہر لال نہرو کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ پنڈت نہرو نے آبپاشی پراجکٹس کو عصری مندروں کی طرح تیار کیا اور ملک میں تلنگانہ دھان کی پیداوار میں سرفہرست ہوچکا ہے ۔ تلنگانہ میں 28.5 میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے۔ پی وی نرسمہا راؤ کی جانب سے اقامتی اسکولوں کا نظریہ پیش کیا گیا اور ملک بھر میں نوودیا ودیالیہ قائم کئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے نئی نسل کو تیار کرنے حکومت نے معیاری تعلیم اور تغذیہ بخش غذا کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر اعلیٰ ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ شانتی کماری اور دوسرے موجود تھے۔1/k