تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی
5 اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری ، مسلسل بارش کے باعث کئی ذخائر آب سے پانی کا اخراج، ضلع انتظامیہ چوکس حیدرآباد۔30جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 5 اضلاع کمرم بھیم آصف آباد‘ عادل آباد‘ نرمل ‘ منچریال اور جگتیال کیلئے ریڈ

5 اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری ، مسلسل بارش کے باعث کئی ذخائر آب سے پانی کا اخراج، ضلع انتظامیہ چوکس حیدرآباد۔30جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 5 اضلاع کمرم بھیم آصف آباد‘ عادل آباد‘ نرمل ‘ منچریال اور جگتیال کیلئے ریڈ الرٹ جبکہ حیدرآباد ‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ملکا جگری کے علاوہ دیگر 10 اضلاع کیلئے’آرینج الرٹ ‘ جاری کیا ہے۔ گذشتہ 48گھنٹوں سے ریاست بھر میں مسلسل ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی مواضعات کے ذخائر آب سے پانی چھوڑا گیا ہے۔ ریاست میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران 20 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ پلاننگ حکومت تلنگانہ کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہوئی بارش کے نتیجہ میں ریاست کو درپیش بارش کے خسارہ میں نمایاں کمی ہوئی ہے جو کہ 40 فیصد تک پہنچ چکی تھی لیکن اب سال گذشتہ کے مقابلہ میں 10 فیصد کم بارش ریکارڈ کئے جانے کی توثیق ہوئی ہے۔ محکمہ آبپاشی نے منچریال میں کڈیم ڈیم کے 6 دروازوں کو کھولتے ہوئے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکسی اختیار کرنے کی تاکیدکی گئی ہے۔کمرم بھیم آصف آباد کے علاقہ میں 14 مواضعات کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور مسلسل بارش کے نتیجہ میں سڑکوں کے متاثر ہونے کے سبب لوگ اپنے ہی گاؤں میں پھنس چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق ریاست کے جن 5اضلاع کے لئے ’ریڈ الرٹ ‘ جاری کیاگیا ہے ان اضلاع میں 204.5ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ رنگاریڈی ‘ وقارآباد‘ ورنگل ‘ ہنمکنڈہ ‘ جنگاؤں ‘ سنگاریڈی ‘ میدک‘ میڑچل ۔ملکا جگری ‘ سدی پیٹ‘ بھدادری کتہ گوڑم میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 64.5ملی میٹر تا 115.5 ملی میٹر کے درمیان بارش کے امکانات ہیں۔نظام آباد‘ پدا پلی ‘ جئے شنکربھوپل پلی ‘ ملوگو‘ کاماریڈی ‘ کریم نگر ‘ راجنا سرسلہ ‘ اضلاع میں 115.6ملی میٹر تا 204.4 ملی میٹر بارش کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مسلسل ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔محکمہ پلاننگ سوسائیٹی حکومت تلنگانہ کے مطابق ریاست بھر میں اب محض 13 اضلاع ایسے رہ گئے ہیں جہاں سال گذشتہ کے مقابلہ میں 20 فیصد کم بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔ تلنگانہ میں مسلسل بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے چوکسی اختیار کی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر فوری قابو پایا جا سکے۔ حیدرآباد وسکندرآباد میں گذشتہ شب ہوئی موسلادھار بارش سے شہر کی بیشتر سڑکوں پر گڑھے پڑنے سے دن کے مصروف ترین اوقات میں ٹریفک جام رہی ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مکانات میں پانی داخل ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئی جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ’حیڈرا‘ کی ٹیمیں بارش کے ساتھ ہی متحرک ہوچکی تھیں جس کے نتیجہ میں شہر کے کئی سڑکوں پر جہاں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوتی ہیں ان مقامات پر ایمرجنسی اسکواڈ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی جن کو پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا۔3