ہیڈ مسلسل دوسری بارایلن بارڈر میڈل کے فاتح
برسبین، 7 اگست (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے جارحانہ بائیں ہاتھ کے اوپنر ٹریوس ہیڈ نے شاندار کارکردگی کی بدولت مسلسل دوسری مرتبہ آسٹریلوی کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز ایلن بارڈر میڈل اپنے نام کر لیا، جبکہ تجربہ کار فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو شین وارن مینز ٹسٹ پلیئرآف دی ایئر کا ایوارڈ دیاگیا۔کرکٹ آسٹریل
برسبین، 7 اگست (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے جارحانہ بائیں ہاتھ کے اوپنر ٹریوس ہیڈ نے شاندار کارکردگی کی بدولت مسلسل دوسری مرتبہ آسٹریلوی کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز ایلن بارڈر میڈل اپنے نام کر لیا، جبکہ تجربہ کار فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو شین وارن مینز ٹسٹ پلیئرآف دی ایئر کا ایوارڈ دیاگیا۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے منعقدہ سالانہ ایوارڈز تقریب میں ٹریوس ہیڈ نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر30 میچوں میں 1,437 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ ان کی یادگار اننگز میں پرتھ میں ایشز سیریزکے افتتاحی ٹسٹ میں 83 گیندوں پر 123 رنز کی میچ وننگ اننگز اور ایڈیلیڈ ٹسٹ میں 170 رنزکی شاندار اننگز شامل رہی۔ایلن بارڈر میڈل کی دوڑ انتہائی سنسنی خیز رہی، جہاں ٹریوس ہیڈ نے اپنے ہی جنوبی آسٹریلیا کے ساتھی اور وکٹ کیپر الیکس کیری کو محض ایک ووٹ سے شکست دی۔ ہیڈکو 153 ووٹ ملے، جبکہ کیری 152 ووٹ حاصل کر سکے۔ الیکس کیری نے گزشتہ سیزن میں 24 میچوں میں 1,079 رنز بنانے کے علاوہ 28 شکار بھی کیے تھے اور ایشز برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس فہرست میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک 150 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، تاہم انہیں سال کے بہترین ٹسٹ کرکٹر کا اعزاز ملا۔ اسٹارک نے ایشز سیریز میں 11 میچوں میں 57 وکٹیں حاصل کیں، جن کی اوسط 24 رہی، جبکہ ایک اننگز میں 58 رنز دے کر 7 وکٹیں ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ثابت ہوئی۔ انہیں ایشز سیریز کا پلیئر آف دی سیریز بھی منتخب کیا گیا۔