یوکرین پر روسی حملے، ایک بچے سمیت 4 افراد ہلاک
کیف ۔ 8 اگست (ایجنسیز) یوکرین کے دارالحکومت کییف اور اس کے گرد و نواح میں روسی حملوں کے نتیجے میں ایک بچے سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کییف کے شمال مشرق میں واقع برووری ضلع میں ہفتہ کی صبح متعدد روسی ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک گھر تباہ ہو گیا، جس

کیف ۔ 8 اگست (ایجنسیز) یوکرین کے دارالحکومت کییف اور اس کے گرد و نواح میں روسی حملوں کے نتیجے میں ایک بچے سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی حکام نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کییف کے شمال مشرق میں واقع برووری ضلع میں ہفتہ کی صبح متعدد روسی ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک گھر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دادا، دادی اور ان کا تین سالہ پوتا ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اسی خاندان کے مزید تین افراد اور ان کی مدد کے لیے آنے والا ایک پڑوسی زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے سے مکان ملبے کا ڈھیر بن گیا جبکہ ملحقہ عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دیگر روسی حملوں کی وجہ سے دارالحکومت کییف میں بھی کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق روس کی جانب سے شہری بنیادی ڈھانچے کو چھ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی فضائیہ نے کہا ہے کہ روس نے گزشتہ شب 151 ڈرونز داغے، جن میں سے 135 کو مار گرایا یا ناکارہ بنا دیا گیا۔ حملوں میں چھ بیلسٹک میزائلوں سمیت گائیڈڈ میزائل بھی استعمال کیے گئے۔ روس یوکرین کے شہری علاقوں پر مسلسل حملے کرتا رہا ہے، تاہم ماسکو کا اصرار ہے کہ اس کی افواج صرف فوجی اہداف کو نشانہ بناتی ہیں۔ روس یوکرین کے امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے لیے انٹرسیپٹر میزائلوں کی شدید قلت سے بھی فائدہ اٹھا رہا ہے۔ پیٹریاٹ یوکرین کے پاس موجود واحد ایسا فضائی دفاعی نظام ہے، جو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔