بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں فرق صرف وسائل کا : ودیوت
ممبئی، 11 اکتوبر (پی ٹی آئی) بالی ووڈ کے معروف ایکشن اداکار ودیوت جموال نے کہا ہے کہ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں بھی ہالی ووڈ جیسی شاندار ایکشن فلمیں بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ دونوں انڈسٹریز کے درمیان بنیادی فرق فنکاروں یا تکنیکی ماہرین کی صلاحیت کا نہیں، بلکہ کسی فلم کو تیارکرنے کے لیے دستیاب وقت او

ممبئی، 11 اکتوبر (پی ٹی آئی) بالی ووڈ کے معروف ایکشن اداکار ودیوت جموال نے کہا ہے کہ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں بھی ہالی ووڈ جیسی شاندار ایکشن فلمیں بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ دونوں انڈسٹریز کے درمیان بنیادی فرق فنکاروں یا تکنیکی ماہرین کی صلاحیت کا نہیں، بلکہ کسی فلم کو تیارکرنے کے لیے دستیاب وقت اور وسائل کا ہے۔ اداکار کے مطابق، ہندوستان میں جس ایکشن سین کو عموماً 10 دن میں شوٹ کیا جاتا ہے، ہالی ووڈ میں اسی نوعیت کے کام کے لیے 4 ماہ تک صرف کیے جاسکتے ہیں۔ ودیوت جموال اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم ’اسٹریٹ فائٹر‘ کے ذریعہ بین الاقوامی فلمی دنیا میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔ مقبول ویڈیوگیم پر مبنی اس لائیو ایکشن فلم میں وہ دھالسِم کا کردار ادا کررہے ہیں۔ اداکار نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو دیے گئے انٹرویو میں ہندوستانی اور ہالی ووڈکی ایکشن فلموں کے درمیان فرق، بین الاقوامی فلمی سیٹ پر اپنے تجربات اور ہندوستانی اینی میشن و ایکشن سنیما کے امکانات پر اظہارِ خیال کیا۔ ودیوت نے کہا کہ دونوں صنعتوں میں کام کرنے والے تکنیکی ماہرین کی صلاحیت میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے ایس ایس راجامولی کی فلمی سیریز ’باہوبلی‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب کسی فلم کو مناسب وقت اور وسائل فراہم کیے جاتے ہیں تو اس کے نتائج بھی نمایاں ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، ’باہوبلی‘ جیسی فلموں کی تیاری میں وقت صرف کیا گیا، جس کا اثر ان کی پیشکش اور معیار میں دکھائی دیتا ہے۔انہوں نے کہا ہم بھی انہی تکنیکی ماہرین کے ساتھ کام کرتے ہیں جن کے ساتھ ہالی ووڈ میں کام کیا جاتا ہے۔ فرق یہ ہے کہ ہم جس کام کو 10 دن میں مکمل کرتے ہیں، وہ اسے 4 ماہ میں کرتے ہیں۔ کسی منظر کو بہتر بنانے اور اس پر وقت صرف کرنے کی جو آزادی انہیں حاصل ہے، ہم عموماً اس سے فائدہ نہیں اٹھاتے۔’فورس‘، ’کمانڈو‘ سیریز اور ’خدا حافظ‘ جیسی فلموں میں ایکشن کرداروں کے لیے مشہور ودیوت جموال نے بتایا کہ انہوں نے کبھی خاص طور پر مغربی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا منصوبہ نہیں بنایا تھا۔