تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی تشکیل جدید کیلئے سرگرمیاں تیز
5 ماہ سے صدر نشین اور ارکان کے عہدے خالی، ریونت ریڈی کی پارٹی قائدین سے مشاورتحیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی تشکیل جدید کے لئے حکومت کی سطح پر سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے اقلیتی کمیشن کی تشکیل جدید کی سفارش کرکے فائل کو چیف منسٹر ریونت ریڈی

5 ماہ سے صدر نشین اور ارکان کے عہدے خالی، ریونت ریڈی کی پارٹی قائدین سے مشاورتحیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کی تشکیل جدید کے لئے حکومت کی سطح پر سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے اقلیتی کمیشن کی تشکیل جدید کی سفارش کرکے فائل کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے پاس روانہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے صدر نشین اور ارکان کے عہدوں پر موزوں افراد کو فائز کرنے کے سلسلہ میں قریبی وزراء اور پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے ایسے ناموں کی جانچ اور انٹلی جنس رپورٹ حاصل کی جارہی ہے جن کے نام کمیشن کیلئے زیر غور ہیں۔ واضح رہے کہ بی آر ایس حکومت میں کمیشن کے صدر نشین کے طور پر طارق انصاری کو فائز کرکے 3 مارچ 2023 کو جی او ایم ایس 11 جاری کیا گیا تھا۔ 3 سال کی میعاد کے لئے ان کا تقرر عمل میں آیا تھا۔ جاریہ سال مارچ میں طارق انصاری کی میعاد ختم ہوچکی ہے جس کے بعد سے اقلیتوں کو اپنے مسائل کے لئے نمائندگی کے سلسلہ میں کمیشن میں صدر نشین اور ارکان دستیاب نہیں ہیں۔ کمیشن کو تشکیل جدید کے لئے دوبارہ متحرک کرنے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے چیف منسٹر سے سفارش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے کمیشن کے لئے موزوں شخصیتوں کے ناموں کی فہرست طلب کی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی اور چیف منسٹر کے قریبی وزراء نے بعض ناموں کی سفارش کی ہے جن کے بارے میں انٹلی جنس سے رپورٹ حاصل کی جارہی ہے۔ کئی اقلیتی تنظیموں نے وزیر اقلیتی بہبود سے کمیشن کی تشکیل جدید کیلئے نمائندگی کی کیونکہ بی آر ایس دور کے کمیشن کی میعاد کی تکمیل کے بعد سے مسائل کی سماعت کیلئے کوئی دستیاب نہیں ہے۔ عام طور پر قانونی امور کے ماہرین کو کمیشن میں نامزد کیا جاتا ہے۔ گزشتہ تقریباً 5 ماہ سے اقلیتی کمیشن میں اور ارکان کے عہدے خالی ہیں اور تشکیل جدید کی سرگرمیوں کے تحت امید کی جارہی ہے کہ اندرون ایک ماہ ناموں کو قطعیت دے دی جائے گی اور نیا کمیشن تشکیل پائیگا۔ 1؍F