سرکاری دفاتر میں رخصت کی درخواست کاغذ پر لکھنے کا نظام ختم
آج سے نافذ ہوگا EHRMS آن لائن پورٹل، تلنگانہ حکومت کا تاریخی اقدام حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری دفاتر میں انتظامی شفافیت کو فروغ دینے، کاغذی کارروائی کے روایتی طریقوں کو ختم کرنے اور بے قاعدگیوں پر روک لگانے کے لئے ریاستی حکومت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ روایتی طور پر کا

آج سے نافذ ہوگا EHRMS آن لائن پورٹل، تلنگانہ حکومت کا تاریخی اقدام حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری دفاتر میں انتظامی شفافیت کو فروغ دینے، کاغذی کارروائی کے روایتی طریقوں کو ختم کرنے اور بے قاعدگیوں پر روک لگانے کے لئے ریاستی حکومت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ روایتی طور پر کاغذ پر رخصت کی درخواستیں لکھنے کے پرانے نظام کو ہمیشہ کے لئے ختم کرتے ہوئے ایک نیا (Electronic Human Resource Managment System) “EHRMS” 15 اکتوبر سے نافذ کیا جارہا ہے۔ اب سے گاؤں کی سطح سے لے کر ریاست کے دارالحکومت تک تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیوں کی درخواستیں، ان کے سرویس رجسٹر (SR) کی تفصیلات، پراجکٹ کی پیمائش کی کتابیں (MB Books) اور یہاں تک کہ روز مرہ کی اسٹیشنری کی خریداری کا تمام ریکارڈ مکمل طور پر آن لائن درج کیا جائے گا۔ یہ جدید ڈیجیٹل سسٹم ریاست کے مختلف محکمہ جات اور پبلک سیکٹر کے اداروں (PSUs) میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 5 لاکھ سرکاری ملازمین پر یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ تمام ملازمین کا تفصیلی ڈیٹا پہلے ہی آن لائن پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جاچکا ہے۔ اس نظام کے نفاذ سے قبل راجندر نگر میں تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان (HODs) کے لئے دو روزہ خصوصی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اب متعلقہ محکموں کے ذمہ دار عہدیدار، ملازمین کی جانب سے لی جانے والی رخصتوں کی تعداد اور درخواستوں کا جائزہ لے کر آن لائن ہی اعلیٰ حکام کو منظوری کیلئے ارسال کریں گے۔ اس ڈیجیٹل پالیسی کے نفاذ کے دوران فیلڈ سطح پر یا تکنیکی نوعیت کی کسی بھی مشکل یا رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ایک خصوصی ہیلپ لائن اور سپورٹ سسٹم بھی فراہم کیا گیا ہے۔ 2؍F