کھرگے کا حد بندی پر آل پارٹی میٹنگ کیلئے مودی کو مکتوب
نئی دہلی، 16 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی سے حد بندی کی نئی تجویزوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلانے اور پارلیمنٹ میں تجویزوں کو حتمی شکل دینے سے پہلے اس پر تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو کافی وقت دینے کا مطالبہ کی

نئی دہلی، 16 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی سے حد بندی کی نئی تجویزوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلانے اور پارلیمنٹ میں تجویزوں کو حتمی شکل دینے سے پہلے اس پر تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو کافی وقت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کھرگے نے آج وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا کہ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 13 اگست کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہوئے 64دن ہو چکے ہیں لیکن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو ابھی تک مکمل طوپر ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے 11 اپریل کو پہلی بار وزیر اعظم کو خط لکھ کر حد بندی پر آئینی ترمیمی بل لانے سےپہلے کل جماعتی میٹنگ بلانے کی گزارش کی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد 14 اپریل کی دیر شام بل کو عوامی سطح پر پیش کیا گیا اور 16اپریل کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا۔ حد بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل 17 اپریل کو لوک سبھا میں ضروری دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں بہت کم فرق سے ناکام ہو گیا تھا۔اس کے بعد انہوں نے 16 جولائی اور 27 اگست کو بھی وزیر اعظم کو خط لکھ کر کل جماعتی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا تھا اور اب وہ چوتھی بار یہ گزارش کر رہے ہیں۔کانگریس رہنما نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ نئی تجویزوں پر تفصیلی بحث کے لیے کل جماعتی میٹنگ بلائی جائے اور تجاویز کو پارلیمنٹ میں غور کے لیے حتمی شکل دینے سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کو آپس میں اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت کرنے کے لیے کافی وقت دیا جائے ۔ کھرگے نے خط میں کہا کہ مسٹر مودی کو ایک بار پھر پارلیمنٹ کے ذریعے بڑی آئینی ترمیمی بل کو زبردستی پاس کرانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔