راجناتھ کی ایس سی او ممالک سے دہشت گردی کے سسٹم کو ختم کرنے کی اپیل
نئی دہلی، 20اکتوبر (یو این آئی) وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے دہشت گردی کے پورے نظام اور ڈھانچے کو ختم کرنے کیلئے مل کر ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے ۔ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ایس سی او رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے 25ویں اجلاس سے خطاب

نئی دہلی، 20اکتوبر (یو این آئی) وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے دہشت گردی کے پورے نظام اور ڈھانچے کو ختم کرنے کیلئے مل کر ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے ۔ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ایس سی او رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے 25ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کے دوہرے معیارات نہیں ہونے چاہئیں اور دہشت گردوں کو مالی امداد، سہولت کاری یا محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے ۔ سنگھ نے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے ہی مواصلاتی اور تجارتی راہداری کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے 2026-2030 کیلئے کثیر جہتی تجارتی اور اقتصادی تعاون کے پروگرام کے ایکشن پلان کی توثیق و حمایت کی۔ وزیرِ دفاع نے کہا کہ ایس سی او کی کامیابی کا اندازہ نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے ، تاجروں کیلئے نئی منڈیاں کھولنے اور کسانوں نیز چھوٹے کاروباریوں تک جدید ٹیکنالوجی پہنچانے سے لگایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے تنظیم سے باہمی اتفاقِ رائے کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دینے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت، ترسیل و نقل و حمل ، مالیات، ڈیجیٹل معیشت اور سماجی ترقی میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ تمام وفود نے مشترکہ اعلامیے ، سال 2027 کے ایس سی او بجٹ اور 2026-2030 کے اقتصادی تعاون کے ایکشن پلان کی منظوری دی۔