مسلمانوں کی معاشی پسماندگی دور کرنا ہمارا نصب العین: عامر علی خان
سیاست ہب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاب مہم، 67 امیدواروں میں آفر لیٹرس کی تقسیم حیدرآباد۔ 21 اکتوبر (سیاست نیوز) مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی پسماندگی ہے اور اس مسئلہ کی وجہ سے ہماری اچھی خاصی آبادی کے باوجود ہمیں اہمیت نہیں دی جارہی ہے۔ ایسے میں روزنامہ سیاست جس نے اپنے آغاز سے ہی مسلمانوں کی تعل

سیاست ہب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاب مہم، 67 امیدواروں میں آفر لیٹرس کی تقسیم حیدرآباد۔ 21 اکتوبر (سیاست نیوز) مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی پسماندگی ہے اور اس مسئلہ کی وجہ سے ہماری اچھی خاصی آبادی کے باوجود ہمیں اہمیت نہیں دی جارہی ہے۔ ایسے میں روزنامہ سیاست جس نے اپنے آغاز سے ہی مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی دور کرنے پر توجہ مرکوز کی، نوجوانان ملت کو تربیت سے آراستہ کرنے اور پھر انہیں روزگار سے جوڑنے کا فیصلہ کیا اور آج سیاست ہب فاؤنڈیشن اس فیصلہ کی عملی شکل میں آپ کے سامنے موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان نے AI ڈیٹا کلکٹر اور AI سوپروائزر کی ملازمتوں کے لئے منعقدہ انٹرویوز میں کامیاب امیدواروں میں آفر لیٹرس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ ایک ملٹی نیشنل کمپنی نے ان ملازمتوں کی پیشکش کی تھی اور روزنامہ سیاست کے آڈیٹوریم میں کل انٹرویوز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جملہ 207 امیدواروں نے انٹرویوز دیئے جن میں سے 67 امیدواروں کو آج جناب عامر علی خان کے ہاتھوں آفر لیٹرس دیئے گئے جن میں لڑکیوں کی بھی اچھی خاصی تعداد شامل ہے۔ بہرحال جناب عامر علی خان نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ روزنامہ سیاست نے اپنے آغاز سے ہی ملت کی تعلیمی و معاشی پسماندگی دور کرنے کا بیڑا اٹھایا جس کے نتیجہ میں ہزاروں مسلم نوجوانوں کو نہ صرف متحدہ آندھرا پردیش بلکہ مشرق وسطی میں بہترین روزگار حاصل ہوا اور مسلم خاندانوں میں خوشحالی آئی۔ جناب عامر علی خان نے نوجوان لڑکے لڑکیوں سے یہ بھی کہا کہ پہلی نوکری کو آپ سب کامیابی کی سیڑھی سمجھیں، تربیت کا موقع سمجھیں اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تجربہ میں اضافہ کریں پھر دیکھیں آپ کے لئے ترقی کی راہیں کیسے کھلتی ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں اپنے ایک ساتھی کا حوالہ دیا اور بتایا کہ انہیں پہلی نوکری یا ملازمت جو ملی تھی جس کے لئے 15 ہزار روپے تنخواہ دی گئی، دوسری نوکری میں 35 ہزار روپے اور پھر 50 ہزار روپے کی تنخواہ حاصل ہوئی۔ آج وہ سالانہ 5 کروڑ روپے تنخواہ حاصل کررہے ہیں۔ جناب عامر علی خان نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جناب زاہد فاروقی ڈائرکٹر سیاست ہب فاؤنڈیشن، جناب میر مجاہد علی کوآرڈینیٹر سیاست پلیسمنٹ سیل اور محمد اسلم حسین آئی ٹی اکسپرٹ بھی موجود تھے۔ جناب زاہد فاروقی نے بتایا کہ جن امیدواروں کو آفر لیٹر دیئے گئے ان میں ایس ایس سی، انٹر، گریجویٹس شامل ہیں۔ امیدواروں کے دو گروپس بنائے گئے ایک گروپ کی ٹریننگ آج ہوئی، دوسرے گروپ کی ٹریننگ کل یعنی 22 اکتوبر کو ہوگی۔ ان کے جاب لوکیشن حیدرآباد کے مختلف مقامات ہائی ٹیک سٹی، مادھاپور، ماریڈ پلی اور ٹولی چوکی میں ہیں۔