محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں کو 2028تک پُر کرنے کا اعلان
یوم شہیدان پولیس کے موقع پر گوشہ محل اسٹیڈیم میں تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب حیدرآباد۔21۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت‘ محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں پر 2028 تک تقررات کے عمل کو مکمل کرے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج 21 اکٹوبر کو ’یوم شہیدان پولیس ‘ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران یہ بات

یوم شہیدان پولیس کے موقع پر گوشہ محل اسٹیڈیم میں تقریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب حیدرآباد۔21۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت‘ محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں پر 2028 تک تقررات کے عمل کو مکمل کرے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج 21 اکٹوبر کو ’یوم شہیدان پولیس ‘ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں منعقدہ پولیس پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ہوم گارڈس کے لئے ایکس گریشیاء کی رقم کو 5لاکھ سے بڑھا کر 10لاکھ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والوں اور ان کے افرادخاندان کی فلاح و بہبود کے معاملات میں سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سال 2026 کے دوران ملک بھر میں خدمات کی انجام دہی کے دوران جان گنوانے والے 154 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں خدمات کی انجام دہی کے دوران اپنی جان گنوانے والے پولیس عہدیدار درحقیقت عوام کی حفاظت کے لئے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان گنوانے والے ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کے اقدامات تیزی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ 2025 کے دوران ریاستی حکومت نے 16 ہزار پولیس کانسٹیبل کی جائیدادوں پر تقررات کے عمل کو مکمل کیا ہے جبکہ جاریہ سال کے دوران 7437 جائیدادوں کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے شہید پولیس عہدیداروں و اہلکاروں کے افراد خاندان کو خود کو تنہاء تصور نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ان کے ساتھ ہے اور شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے علاوہ انہیں معاشی مدد کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ اے ریونت ریڈی نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو ممکنہ مدد کی فراہمی کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مستقبل کی تمام ضروریات کا حکومت کی جانب سے خصوصی خیال رکھتے ہوئے انہیں پورا کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ پولیس عہدیداروں اور اہلکاروں کے افراد خاندان مایوسی کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے تلنگانہ میں 112 ڈی ایس پی کے عہدوں پر کئے گئے تقررات کو ملک بھر میں ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہیں کرے گی۔چیف منسٹر نے اپنے خطاب کے دوران مخنثوں کو ہوم گارڈ کے طور پر بھرتی کئے جانے کے فیصلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ’مخنث‘ طبقہ کو عزت کے ساتھ زندگی گذارنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے انہیں سماجی دھارے میں شامل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ملاوٹ شدہ اشیائے تغذیہ و سمیت غذاء سے محفوظ رکھنے کے لئے قائم کئے گئے ادارہ TGSAFE کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کے عہدیداروں کی مدد سے ریاستی حکومت نے عوام کو بہتر اشیائے تغذیہ کی فروخت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ کوئی بھی ہوٹل یا ریستوراں قانون سے بالاتر نہیں ہے اور TGSAFE تمام ہوٹلوں اور اشیائے خورو نوش فروخت کرنے والوں پر دھاوے کرتے ہوئے کاروائی کر رہی ہے۔ (سلسلہ صفحہ 2 پر)انہوں نے بتایا کہ حکومت نے منشیات کی روک تھام کے لئے EAGLE فورس کی تشکیل دیتے ہوئے معاشرہ میں پھیل رہی منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے اقدامات کئے ہیں۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی ترقی کی کلید ریاست میں امن وضبط کی برقراری ہوتی ہے اور تلنگانہ میں پولیس انتظامیہ کی بہتری کے نتیجہ میں ریاست تیزی سے ترقی کی منزلیں طئے کر رہی ہے۔ انہوں نے SHE ٹیم کے قیام اور خواتین و لڑکیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی خدمات کا تذکرہ کیا۔ چیف منسٹر نے ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس میں ہوم گارڈ سے ڈی جی پی تک کے عہدیداروں کے لئے ’ینگ انڈیاپولیس اسکول‘ کا قیام عمل میں لائے جانے کا بھی تذکرہ کیا۔ انہو ںنے پولیس اہلکاروں کے لئے کئے جانے والے فلاحی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے ہیڈ کانسٹیبل کے لئے ایکس گریشیاء کی رقم کو 45لاکھ سے بڑھا کر 1کروڑ روپئے کیا ہے ‘ اسی طرح سب انسپکٹرس کے لئے ایکس گریشیاء کی رقم کو 1کروڑ25لاکھ روپئے کیاگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایس پی اور آئی پی ایس عہدیدار جو خدمات کی انجام دہی کے دوران اپنی جان گنواتے ہیں ان کے ایکش گریشیاء کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اسے دو کروڑ کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس تقریب کے دوران عہدہ کے اعتبار سے کئے جانے والے اضافہ کی تفصیلات بھی پیش کیں۔اس تقریب میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر سی وی آنند کے علاوہ بیشتر تمام سرکردہ پولیس عہدیدار موجود تھے اور تقریب کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے پولیس میڈلس اور ایوارڈس بھی پیش کئے گئے ۔3