فرانس کے بعد یونان میں بھی احتجاج، 10 ہزار سے زائد افراد کی شرکت
طلبہ، اسکولی بچوں، اساتذہ اور ملازمین کا مہنگائی، تعلیمی سہولیات کی کمی اور کم اجرتوں کیخلاف احتجاج ایتھنز، 22 اکتوبر (یواین آئی): فرانس میں مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف جاری احتجاج کے بعد یونان میں بھی ہزاروں طلبہ، اسکول کے بچوں، اساتذہ اور ملازمین نے مہنگائی، تعلیمی سہولیات کی کمی اور کم اجرتوں

طلبہ، اسکولی بچوں، اساتذہ اور ملازمین کا مہنگائی، تعلیمی سہولیات کی کمی اور کم اجرتوں کیخلاف احتجاج ایتھنز، 22 اکتوبر (یواین آئی): فرانس میں مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف جاری احتجاج کے بعد یونان میں بھی ہزاروں طلبہ، اسکول کے بچوں، اساتذہ اور ملازمین نے مہنگائی، تعلیمی سہولیات کی کمی اور کم اجرتوں کے خلاف احتجاج کیا۔ فرانس پریس کے مطابق دارالحکومت ایتھنز میں تقریباً 5 ہزار افراد نے مارچ کیا، جبکہ ملک کے دوسرے بڑے شہر تھیسالونیکی میں 3 ہزار کے قریب مظاہرین سڑکوں پر نکلے ۔ سرکاری ٹیلی ویژن ای آر ٹی کے مطابق مغربی شہر پاتراس میں بھی 3 ہزار سے زیادہ افراد نے احتجاجی مارچ میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اسکولوں میں بنیادی سہولیات، عملے کی کمی اور خستہ حال عمارتوں کی شکایت کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے کے لیے سرکاری اخراجات بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ سیکنڈری اسکول ٹیچرز یونین کے مطابق ملک کے اسکولوں میں تقریباً 15 ہزار اساتذہ کی کمی ہے ۔ تھیسالونیکی کی ارسطو یونیورسٹی کے طلبہ نے کہا کہ یونان اور فرانس سمیت مختلف یورپی ممالک میں نوجوانوں کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ مظاہرین نے مفت اور سرکاری تعلیم کے مطالبے کے ساتھ بڑھتے ہوئے اخراجات زندگی کے خلاف بھی آواز اٹھائی۔ بعض طلبہ نے اسکولوں میں ٹوٹی کھڑکیوں اور ہیٹنگ کا نظام خراب ہونے کی شکایت کی۔ تھیسالونیکی میں مظاہرین نے ”یونان اور فرانس، ہر جگہ انقلاب، وہی مسائل اور وہی دشمن” جیسے نعروں پر مشتمل بینرز اٹھائے ۔ منگل کی شام ایتھنز اور تھیسالونیکی میں درجنوں طلبہ نے احتجاج کے طور پر خیمے بھی نصب کیے ۔ پبلک سیکٹر کے ملازمین کی یونین ‘ادیدی’ نے بھی اجرتوں میں اضافے اور اساتذہ کے لیے بہتر سہولیات سمیت مختلف مطالبات کی حمایت کی۔ یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا ہے جب یونان میں مہنگائی کی شرح یورو زون کے اوسط سے زیادہ ہے ۔ یورپی شماریاتی دفتر کے مطابق گزشتہ ستمبر میں یونان کی سالانہ افراط زر کی شرح 5.1 فیصد رہی، جبکہ یورو زون کی اوسط شرح 3.8 فیصد تھی۔ یونان نے 2023 میں اپنی مجموعی ملکی پیداوار کا 3.3 فیصد تعلیم پر خرچ کیا تھا، جبکہ یورپی یونین کی اوسط شرح 4.7 فیصد تھی۔