سرکاری دواخانے کی عمارت کے افتتاح کا مطالبہ
بی جے پی کا دھرنا اور راستہ روکو احتجاج،ایک گھنٹہ تک ٹریفک متاثر گمبھی راؤ پیٹ،سرسلہ ۔7 نومبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ منڈل مستقر میں لاکھوں روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ سرکاری بنیادی مرکز صحت کی نئی عمارت کا افتتاح نہ کیے جانے اور عوام کو طبی سہولتیں فراہم نہ ہونے کے

بی جے پی کا دھرنا اور راستہ روکو احتجاج،ایک گھنٹہ تک ٹریفک متاثر گمبھی راؤ پیٹ،سرسلہ ۔7 نومبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجنا سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ منڈل مستقر میں لاکھوں روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ سرکاری بنیادی مرکز صحت کی نئی عمارت کا افتتاح نہ کیے جانے اور عوام کو طبی سہولتیں فراہم نہ ہونے کے خلاف بی جے پی قائدین نے ہفتہ کے روز احتجاجی دھرنا اور راستہ روکو مظاہرہ منظم کیا۔منڈل بی جے پی صدر کوڈے رمیش کی قیادت میں پارٹی قائدین نے گمبھی راؤ پیٹ کی مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیتے ہوئے عمارت کا فوری افتتاح کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر قائدین نے کہا کہ عوامی رقم سے تعمیر کردہ سرکاری دواخانے کی عمارت طویل عرصہ سے افتتاح کی منتظر ہے، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے عوام کو بنیادی طبی سہولتوں سے محروم ہونا پڑ رہا ہے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ طبی مرکز کی عدم توجہی کے باعث ہنگامی حالات میں غریب عوام اور حاملہ خواتین کو علاج کے لیے دور دراز کے علاقوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ قائدین نے مطالبہ کیا کہ دواخانے کی عمارت کا فوری افتتاح کرتے ہوئے ضروری طبی عملہ مقرر کیا جائے اور تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔احتجاج کے دوران قائدین نے واضح تیقن ملنے تک شاہراہ سے نہ اُٹھنے کا اعلان کیا۔ اطلاع ملنے پر مقامی تحصیلدار ماروتی ریڈی اور سب انسپکٹر پولیس ڈی بالراجو موقع پر پہنچے اور احتجاجیوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ حکام کی جانب سے دواخانے کی عمارت کے افتتاح کا معاملہ اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لاکر مسئلہ کی یکسوئی کے لیے اقدامات کرنے کا تیقن دیئے جانے پر قائدین نے احتجاج ختم کردیا۔ بعد ازاں اپنے مطالبات پر مشتمل یادداشت عہدیداروں کے حوالے کی۔اس احتجاج میں ضلع دھارمک سیل کنوینر ڈاکٹر ستیہ نارائنا، ضلع ترجمان دیوسانی کرشنا، کوکو دیویندر یادو، گنٹہ اشوک، سروتم، تروپتی، سرینواس، بنڈا دیویا، روی نائک، ملیش سمیت دیگر بی جے پی قائدین نے حصہ لیا۔