پینے کے پانی کی کسی بھی شکایت کو اندرون 24 گھنٹے حل کیا جائے
بیدر میں کرناٹک ترقیاتی پروگرام کا سہ ماہی اجلاس ، ضلع نگران وزیر ایشور کھنڈرے کا خطاب ، مختلف اُمور کا جائزہ بیدر۔7 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست کے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج اور ضلع نگران وزیر ایشور کھنڈرے نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں پینے کے پانی کی کسی بھی قسم کی ش

بیدر میں کرناٹک ترقیاتی پروگرام کا سہ ماہی اجلاس ، ضلع نگران وزیر ایشور کھنڈرے کا خطاب ، مختلف اُمور کا جائزہ بیدر۔7 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست کے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج اور ضلع نگران وزیر ایشور کھنڈرے نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں پینے کے پانی کی کسی بھی قسم کی شکایت موصول ہونے پر 24 گھنٹوں کے اندر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے پہلے ہی 10 کروڑ روپئے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ ضرورت پڑنے پر ٹینکروں کے ذریعہ پانی پہنچانے اور بورویل کرایہ پر حاصل کرنے یا نئے بورویل کھدوانے کے اقدامات کیے جائیں۔ وہ ضلع پنچایت دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ کرناٹک ترقیاتی پروگرام (کے ڈی پی) کے سہ ماہی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختلف محکموں کی ترقیاتی اسکیموں اور کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قبل از مانسون بارشوں کی ناکامی کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت پوری طرح تیار ہے۔ وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع کے کسانوں کو روزانہ سات گھنٹے بلارکاوٹ بجلی فراہم کریں ۔ کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور معاوضہ دینے میں تاخیر یا لاپروائی برتنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں بیدر جنوبی کے رکن اسمبلی شیلیندر بیلداڑے نے اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسان کھاد کی قلت سے پریشان ہیں، ویٹرنری اسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں ہیں ۔ انہوں نے بگدل برج کی خستہ حالی، مانجرا ندی میں ڈوب کر فوت ہونے والے نوجوان کے خاندان کو مزید معاوضہ دینے اور بریمز میں سی ٹی اسکین لیب شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔رکن قانون ساز کونسل چندر شیکھر پاٹل نے کسانوں کی معیشت کی بنیاد بی ایس ایس کے شوگر کارخانے کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ہمناآباد میں موجود متعدد کیمیکل کارخانوں سے عوامی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ پی جی آر کمپنی میں بوائلر دھماکے کے باعث ایک مزدور کے جسم کے مکمل طور پر جھلس جانے کے باوجود ایف آئی آر درج نہ ہونے اور جے جے ایم کاموں میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانب وزیر کی توجہ مبذول کروائی۔رکن پارلیمنٹ ساگر کھنڈرے نے شاہراہوں پر موجود پلوں کے قریب روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے سے حادثات کے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے منّااکھیلی میں مقامی ادارے کی جانب سے تعمیر کردہ دکانوں کی مناسب تقسیم نہ ہونے سمیت مختلف مسائل پیش کیے۔ بیدر شمال کے رکن اسمبلی جناب محمد رحیم خان نے کہا کہ بیدر شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت ہے اور کئی مقامات پر پائپ لائنیں ٹوٹنے کے باعث پانی ضائع ہو رہا ہے۔ ان کی مناسب دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس بھی موجود نہیں ہیں۔ اجلاس میں ڈی سی سی بینک کے صدر امر کھنڈرے، ضلع نگران سکریٹری رندیپ ڈی، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گتے مادھو، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گنٹی، علاقائی جنگلات کے تحفظ کے افسر آشیش ریڈی سمیت مختلف محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔